ملک میں جیٹ فیول اور مٹی کا تیل مزید مہنگا

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور پیٹرولیم ڈویژن نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر ملک میں جیٹ فیول اور مٹی کے تیل کے نرخوں میں مزید اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

اوگرا کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں 9 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 355 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ مٹی کا تیل 7 روپے 68 پیسے مہنگا ہو کر 329 روپے 54 پیسے فی لیٹر پر پہنچ گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ ردوبدل عالمی مارکیٹ کے پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی منڈی میں ایران کی کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 102.60 ڈالر اور امریکی خام تیل (WTI) کی قیمت 93.14 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔