پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ، پیٹرول 392 اور ڈیزل 399 روپے فی لیٹر کا ہو گیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 392 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 64 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ یہ نئی ایکس ڈپو قیمتیں 3 سے 5 اکتوبر 2026ء تک کے لیے نافذ العمل ہوں گی۔

ترجمان کے مطابق قیمتوں میں یہ ردوبدل عالمی منڈی میں خام تیل (برینٹ کروڈ اور ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمتوں اور پلاٹس ریٹس میں ہونے والے اضافے اور مشرق وسطیٰ کی مجموعی کشیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔