ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا میں ‘عزمِ استحکام ویژن’ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 3 اہم سرغنہ سمیت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی موصولہ خفیہ اطلاع پر یہ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے خوارجیوں کے قبضے سے غیر ملکی کرنسی، بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ ذرائع نے اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیا ب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے فتنة الخوارج کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ خیبرپختونخوا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہا ہے۔

