محسن نقوی اور فیصل کریم کنڈی کی اہم ملاقات: ضرورت پڑنے پر گورنر راج یا ایمرجنسی کا آئینی آپشن استعمال کرنے پر اتفاق
پشاور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایک اہم اور ہنگامی ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے پیدا ہونے والے حالات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا بھی موجود تھے، جبکہ آئی جی نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس الرٹ اور حکمت عملی پر بریفنگ دی۔
ملاقات کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤ ں نے اس بات پر کامل اتفاق کیا کہ اگر صدرِ مملکت اور وزیراعظم صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس اس سلسلے میں اپنا بھرپور آئینی کردار ادا کرے گا۔ دونوں رہنماؤں نے تشویش ظاہر کی کہ لانگ مارچ کے دوران سیکیورٹی چیک پوسٹوں سے دہشت گردوں کو بحفاظت گزارنے کی سہولت کاری فراہم کی جا سکتی ہے۔
اعلامیے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے لانگ مارچ اور سیاسی سرگرمیوں کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر اور دیگر صوبائی وسائل کے استعمال کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی اور توہینِ عدالت قرار دیا گیا۔
دوسری جانب، وفاقی وزير محسن نقوی کے پشاور پہنچنے کے وقت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکی مروت پہنچ کر اپنے اعلان کردہ لانگ مارچ کی قیادت کے لیے کنٹینر پر سوار ہو چکے ہیں، جبکہ وفاقی حکومت نے مظاہرین کو کسی بھی صورت اسلام آباد میں داخل نہ ہونے دینے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

