اسلام آباد معاہدے کی 7 شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی: ایران

تہران: ایران نے واضح کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ جون میں طے پانے والے عبوری معاہدے کی تمام 7 شرائط پوری ہونے تک عالمی توانائی کی اہم ترین گزرگاہ آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے دوبارہ نہیں کھولا جائے گا۔

ایرانی میڈیا ادارے نورنیوز اور رائٹرز کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ تہران کا موقف انتہائی واضح ہے اور امریکا کی جانب سے یکطرفہ مطالبات مسلط کرنے یا وقت ضائع کرنے کا دور اب ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بحالی کو پاکستان کی میزبانی میں طے پانے والی ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر عمل درآمد سے مشروط کر دیا گیا ہے۔

ایرانی اسپیکر کا یہ بیان امریکا کی جانب سے سفارتی تجویز کا جواب ملنے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں ایران نے واشنگٹن کو 7 روزہ اعتماد سازی کا منصوبہ پیش کیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق تہران اور واشنگٹن کے درمیان شرائط پر عمل درآمد کی ترتیب کو لے کر اختلافات موجود ہیں، جبکہ قطر اس معاملے میں دونوں ممالک کے درمیان پیغامات اور مذاکرات میں بنیادی ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔