صوبہ بچانے کیلئے ایمرجنسی لگانی پڑی تو ضرور لگائیں گے، پی ٹی آئی کیلئے میں اکیلا کافی ہوں: فیصل کریم کنڈی
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ اگر صوبے میں امن و امان اور استحکام کو بچانے کے لیے ایمرجنسی یا گورنر راج لگانا پڑا تو ضرور لگائیں گے اور سیاسی میدان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے نمٹنے کے لیے وہ اکیلے ہی کافی ہیں۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ جب صوبے کی سکیورٹی اور سیاسی صورتحال بگڑ جائے اور صدر، وزیراعظم سمیت دیگر ادارے ضرورت محسوس کریں تو ایمرجنسی کے نفاذ کی آئینی گنجائش موجود ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت صرف بھڑکیں مارنا جانتی ہے جبکہ عملی طور پر لانگ مارچ کے نام پر صرف خود ساختہ گرفتاریاں اور روپوشیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی تیاریوں کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ پشاور میں نہ کوئی کارنر میٹنگ ہوئی ہے اور نہ ہی کہیں بینرز نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے صوابی کراس کر کے تو دکھائیں، ان کے پاس کوئی منظم پلاننگ نہیں ہے اور وہ خود چاہتے ہیں کہ ایک مہینہ گزر جائے لیکن انہیں صوابی نہ جانا پڑے۔

