ایرانی قوم کی بہادری اور ثابت قدمی نے دنیا کو حیران کر دیا، ولادیمیر پیوٹن

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی دباؤ اور حملوں کے خلاف ایرانی قوم کی ہمت، بہادری اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے استقلال نے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

ماسکو میں بین الاقوامی ماہرین کے والڈائی ڈسکشن کلب (Valdai Forum) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی نظریں خطے کی صورتحال پر مرکوز ہیں اور تمام لوگ ایرانی قوم، مسلح افواج اور پاسدارانِ انقلاب کی قربانی دینے کی صلاحیت اور شجاعت سے متاثر ہیں۔ انہوں نے روس کا سفارتی موقف دہراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولی جائے گی اور ایران پر عائد مالی پابندیوں کا خاتمہ ہو گا۔

پیوٹن نے اس موقع پر بالٹک خطے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کالینن گراڈ (Kaliningrad) کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو روس اپنے ذخیرے میں موجود تمام اقسام کے ہتھیاروں کے استعمال پر غور کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا استعمال روکنا ضروری ہے لیکن روس اپنی دفاعی حدود پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔