جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس: عمران خان کو 5 نومبر کو پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت (ATC) اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آئندہ سماعت پر بذریعہ ویڈیو لنک یا ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف تھانہ رمنا میں درج مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے کیس میں عدم حاضری پر سابق وفاقی وزرا مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو باضابطہ طور پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ علاوہ ازیں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی پیشی کے حوالے سے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ یہ مقدمہ 18 مارچ 2023ء کو توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس پر ہونے والی توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے تناظر میں درج کیا گیا تھا۔