ایران کے پاس ایسی قیادت نہیں جس سے مذاکرات کیے جائیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس اس وقت ایسی کوئی قیادت یا شخص موجود نہیں ہے جس کے ساتھ بیٹھ کر باضابطہ مذاکرات یا معاہدہ طے کیا جا سکے۔

ریاست الاباما کے شہر موبائل میں انتخابی ریلی سے خطاب اور وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اس وقت شدید تباہ حال ہو چکا ہے اور اس کی بحریہ، فضائیہ اور دفاعی نظام مفلوج ہو چکے ہیں جبکہ معیشت بھی شدید افراط زر کا شکار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تہران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اب ایران جوہری منصوبے ترک کرنے پر مجبور ہو رہا ہے۔

امریکی صدر نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد ختم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز کی امریکی ناکہ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے ساتھ ہی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی اور امریکا اپنے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو کو دوبارہ بھرنا شروع کر دے گا۔