اسلام آباد: پاکستان کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے نامور فلم ساز محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ (Hanging by a Wire) کو آسکرز 2027 کے لیے ‘بہترین بین الاقوامی فیچر فلم’ کی کیٹیگری میں پاکستان کی رسمی نمائندگی کے طور پر منتخب کر لیا ہے۔
اس انتخاب کا باضابطہ اعلان پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی ڈپٹی چیئرپرسن ثنا زہرا جعفری نے کینیڈا میں منعقدہ موزیک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (MISAFF) کے دوران کیا۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ اکیڈمی ایوارڈز (Oscars) کی اس کیٹیگری کے لیے کسی دستاویزی فلم کا انتخاب کیا گیا ہے۔
فلم کی کہانی اگست 2023ء میں خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے کیبل کار حادثے پر مبنی ہے، جہاں 6 اسکول بچوں سمیت 8 افراد دریائے جھانگری سے 600 فٹ کی بلندی پر 12 گھنٹے سے زائد پھنسے رہے تھے۔ پاک فوج اور زپ لائن ماہرین کے مشترکہ ریسکیو آپریشن کے ذریعے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
محمد علی نقوی کی تحریر و ہدایت کاری اور بلال سمیع کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کا عالمی پریمیئر 2026ء کے سنڈانس فلم فیسٹیول میں ہوا تھا، جبکہ فلم کو جلد ہی پاکستان بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔

