ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ شروتی ہاسن نے اپنی ذاتی زندگی، شادی کے روایتی تصور اور والدین بننے کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ ایک وقت میں شادی کے فیصلے کے انتہائی قریب پہنچ گئی تھیں۔
اداکارہ نے بالی ووڈ اداکارہ سوہا علی خان کے پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی کی رفاقت اور ساتھ پسند ہے، لیکن وہ اپنی زندگی کو کسی مخصوص خانے یا روایتی سانچے میں ڈھالنے کے حق میں نہیں رہیں۔
شروتی نے کہا کہ انہیں شادی کی کاغذی کارروائی، نمائش اور دھوم دھام پر بے جا رقم خرچ کرنے سے دلچسپی نہیں، بلکہ یہ پیسہ کسی ضرورت مند کی مدد کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک بار شادی کے بالکل قریب پہنچ گئی تھیں اور اس وقت انہیں کسی خوف کا احساس بھی نہیں ہوا تھا، تاہم یہ ان کی ذاتی سوچ ہے اور وہ بڑی شادیاں کرنے والوں کی مخالفت نہیں کرتیں۔
مستقبل کی ترجیحات کے بارے میں بات کرتے ہوئے شروتی ہاسن نے انکشاف کیا کہ ان کے دل میں ماں بننے کی شدید خواہش موجود ہے، تاہم اس کے لیے صرف بچے کو جنم دینا ہی ضروری نہیں بلکہ وہ بچے کو گود لینے کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہیں۔

