قومی بچت کی اسکیموں کے منافع میں کمی

لاہور: وفاقی حکومت نے قومی بچت (نیشنل سیونگز) کی اہم اور معروف اسکیموں ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس اور بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع کی شرح میں کمی کرتے ہوئے ستمبر 2026ء کے نئے ریٹس جاری کر دیے ہیں۔

نئے نرخوں کے مطابق، ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کی 10 سالہ مدت پوری ہونے پر ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر میچورٹی کے وقت 3 لاکھ روپے حاصل ہوں گے۔

پہلے سال ایک لاکھ 10 ہزار، دوسرے سال 1 لاکھ 21 ہزار، تیسرے سال 1 لاکھ 33 ہزار، چوتھے سال 1 لاکھ 47 ہزار، پانچویں سال 1 لاکھ 63 ہزار، چھٹے سال 1 لاکھ 82 ہزار، ساتویں سال 2 لاکھ 4 ہزار، آٹھویں سال 2 لاکھ 30 ہزار، نویں سال 2 لاکھ 62 ہزار اور دسویں سال کل رقم 3 لاکھ روپے ملے گی۔

دوسری جانب، بیواؤں اور سینئر سٹیزنز کے لیے مخصوص بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح کم کر کے 12.60 فیصد سالانہ کر دی گئی ہے، جس کے تحت ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ 1 ہزار 50 روپے منافع ملے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور بہبود سیونگز پر 36 بیسس پوائنٹس کی کمی کی گئی تھی جبکہ ریگولر انکم سرٹیفکیٹس کی شرح 11.16 فیصد پر آ گئی ہے۔