اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مکمل طبی معائنہ

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا ماہر ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم نے تفصیلی طبی معائنہ مکمل کر لیا ہے جس کے بعد میڈیکل ٹیم واپس روانہ ہو گئی۔

جیل ذرائع کے مطابق، پمز (PIMS) اسپتال کے ڈاکٹر عارف خان کی سربراہی میں آنے والی میڈیکل ٹیم میں ماہر امراضِ چشم (آئی اسپیشلسٹ)، دیگر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف شامل تھا جنہیں جیل اسپتال کے طبی عملے کی معاونت بھی حاصل تھی۔

معائنے کے دوران سابق وزیراعظم کا بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور آنکھوں کا تفصیلی چک اپ کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پمز کے ڈاکٹرز کی ٹیمیں جیل میں بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کرتی رہی ہیں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026ء کے حکم کی روشنی میں عمران خان کو پمز اسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کا تفصیلی معائنہ اور ٹیسٹ کیے گئے تھے، جس کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

حال ہی میں وفاقی آئینی عدالت نے بھی قیدیوں کی نجی اسپتال منتقلی سے متعلق کیس میں عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے کا تمام ریکارڈ طلب کیا ہے۔