وزیراعظم کی پیٹرول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے مزید اہم فیصلے

اسلام آباد: حکومت نے وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم کا ملک بھر میں باضابطہ اجرا کر دیا ہے جس کے تحت 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخوں پر پیٹرول کی فراہمی شروع ہو گئی ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کی سہولت کے لیے اسکیم کے دائرہ کار میں مزید اہم توسيع کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق، نئی ہدایت کے تحت 5 لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگ چی مالکان کو ایک ٹوکن پر ہفتہ وار 500 روپے کی رعایت ملے گی اور انہیں مہینے میں 4 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔

اسی طرح 800 سی سی تک گاڑی رکھنے والے افراد ہر 10 دن میں 10 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعایت حاصل کر سکیں گے۔ اسکیم میں یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ تمام 20 سال تک پرانی موٹر سائیکلوں اور رکشوں کو بھی شامل کر لیا گیا ہے جبکہ 9771 پر رجسٹریشن میسج کو بالکل مفت رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں انٹرنیٹ سے محروم علاقوں کے پیٹرول پمپس پر ایس ایم ایس کے ذریعے ٹوکن کیش کرانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ اسحاق ڈار نے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صرف فعال پمپس کو سسٹم کا حصہ بنایا جائے اور ریلیف کی بلا تعطل و باوقار فراہمی یقینی بنائی جائے۔