ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 8 دہشت گرد ہلاک؛ کیپٹن اور لیفٹیننٹ سمیت 6 جوان شہید

راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز اور الخوارج دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ پاک فوج کے 2 افسران سمیت 6 جوان شہید ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کرنے والے 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق (ساکن گوجرانوالہ) اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر (ساکن چکوال) سمیت 4 جوانوں نے وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آپریشن عزم استحکام کے تحت غیر ملکی معاونت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہلاک دہشت گردوں کے خلاف کامیابی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور شہید افسران و جوانوں کی بے مثال شجاعت اور لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔