پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے محض تین گھنٹوں کے دوران 2 بیلسٹک میزائلوں کے کامیاب تجربات کیے ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کی بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کی جانب سے اپنے ایٹمی پروگرام کے خلاف منظور کی جانے والی قرارداد کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
جنوبی کوریا اور جاپان کی وزارتِ دفاع کے مطابق، شمالی کوریا نے وونسان کے علاقے سے بحیرہ جاپان کی جانب کم فاصلے تک مار کرنے والے (SRBM) دو میزائل داغے جنہوں نے تقریباً 450 کلومیٹر تک پرواز کی۔ جنوبی کوریا کی قومی سلامتی کونسل نے ان تجربات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
دوسری جانب، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی ہمشیرہ کم یو جونگ نے عالمی ایٹمی ایجنسی پر دوہرے معیار کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایجنسی امریکا اور جنوبی کوریا کی ایٹمی سرگرمیوں پر خاموش ہے جبکہ پیانگ یانگ کو نشانہ بنا رہی ہے۔ شمالی کوریا نے واضح کیا کہ اس کی جوہری طاقت کی حیثیت اب ناقابلِ واپسی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق، کم جونگ اُن نے اہم اسلحہ ساز کارخانوں کا دورہ کیا ہے، جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا روس کے ساتھ دفاعی تعاون کے تحت اپنی عسکری صلاحیتوں کو مزید جدید بنا رہا ہے۔

