امریکا کا ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ تاریخی معاہدہ؛ گرین لینڈ کی سیکیورٹی کا مستقل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ ایک اہم اور تاریخی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے گرین لینڈ میں سلامتی اور دفاعی ضروریات کا مستقل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اس معاہدے پر امریکا کا کوئی خرچ نہیں آئے گا اور امریکا کو گرین لینڈ کی سیکیورٹی و دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کی مکمل آزادی ہو گی۔
ٹرمپ کے مطابق، اب امریکا کی تحریری منظوری کے بغیر کسی بھی مخالف ملک کو گرین لینڈ میں فوجی اڈہ قائم کرنے، فوجی موجودگی رکھنے یا حساس نوعیت کی سرمایہ کاری کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ امریکا گرین لینڈ کے مناسب علاقوں میں جلد اپنی بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کا عمل شروع کرے گا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، ڈنمارک اور گرین لینڈ کی حکومتوں کی جانب سے فی الحال اس معاہدے کی تفصیلات کی فوری اور باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
واضح رہے کہ قطب شمالی میں واقع گرین لینڈ تیل، گیس اور نایاب زمینی معدنیات کے وسیع ذخائر سے مالا مال ہے، اور امریکا اسے روس و چین کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے انتہائی اہم سمجھتا ہے۔ دوسری جانب اوول آفس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کے جلد خاتمے کی امید بھی ظاہر کی۔

