حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش پر 19 ستمبر سے 21 ستمبر 2026ء کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 65 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 389 روپے 14 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 88 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 424 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق یہ ردوبدل عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث اتار چڑھاؤ کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت کم ہو کر 103.77 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے، جس کا اثر مقامی سطح پر منتقل کیا گیا ہے۔