قلات: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں قلات کے قریب قومی شاہراہ این 25 پر بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور ان کے قبضے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اور 19 ستمبر کی درمیانی شب دہشت گردوں نے این 25 پر شہریوں کو اغوا کرنے، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کے لیے جعلی چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی۔
سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا بلکہ ان کے ٹھکانے سے 6 ٹرک، 3 بسیں، 2 کاریں، بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا۔ علاقے میں مکمل تلاشی کے لیے سینیٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب خاران کے لجے روڈ پر دہشت گردوں کے آئی ای ڈی حملے میں 10 مزدور زخمی ہو گئے جنہیں فورسز نے اسپتال منتقل کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے اور 23 مغویوں کی بازیابی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اعادہ کیا کہ عملیاتِ عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

