بھارت کے معروف گلوکار اریجیت سنگھ کے پلے بیک سنگنگ سے کنارہ کشی کے اعلان نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی، تاہم بعد میں اس خبر پر وضاحت بھی سامنے آگئی۔
اریجیت سنگھ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے برسوں کی محبت پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور یہ کہا کہ وہ پلے بیک گلوکار کے طور پر نیا کام نہیں کریں گے، جسے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے ریٹائرمنٹ کا اعلان سمجھ لیا۔
اس پوسٹ کے بعد مداحوں کی جانب سے شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا اور کئی صارفین نے اسے ناقابلِ یقین قرار دیا۔
تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بعد میں اریجیت سنگھ سے منسوب ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے وضاحت کی گئی کہ گلوکار موسیقی سے کنارہ کشی اختیار نہیں کر رہے، بلکہ وہ اچھی موسیقی کے دلدادہ ہیں اور مستقبل میں سیکھنے اور تخلیقی کام جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
وضاحت میں یہ بھی بتایا گیا کہ اریجیت سنگھ کے چند پہلے سے طے شدہ معاہدے باقی ہیں، جن کے تحت رواں سال مزید گانے ریلیز ہو سکتے ہیں، تاہم وہ فلموں کے لیے بطور پلے بیک سنگر نئے پراجیکٹس محدود رکھیں گے۔
واضح رہے کہ اریجیت سنگھ نے بالی ووڈ کو “تم ہی ہو”، “چنّا میرےیا”، “پھر بھی تم کو چاہوں گا” اور “ہوائیں” جیسے یادگار گانے دیے، دو نیشنل فلم ایوارڈز جیتے اور 2025 میں پدم شری سے بھی نوازے گئے۔

