فیلڈ مارشل عاصم منیر سے امریکی افغان جنگ کمیشن کے وفد کی ملاقات، علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی افغان جنگ کمیشن (US Afghan War Commission) کے اعلیٰ سطح وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور افغانستان سے متعلق اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی وفد کی قیادت شمائلہ این چودھری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن کر رہے تھے۔ یہ کمیشن افغانستان میں امریکا کی دو دہائیوں (20 سالہ) شمولیت، واقعات اور درپیش چیلنجز کا جامع جائزہ لے رہا ہے۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغانستان تنازع اور خطے کی سیکیورٹی کے پاکستان پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے پاکستان کا موقف پیش کرتے ہوئے زور دیا کہ افغانستان تنازع کے جائزے میں صرف ایک ملک کے نقطہ نظر کے بجائے علاقائی تناظر اور پاکستان کے تجربات و چیلنجز کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے افغانستان تنازع کے دوران پاکستان کے طویل مدتی کردار، بے پناہ قربانیوں اور درپیش سیکیورٹی چیلنجز کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔