قطر سے ایل این جی فراہمی میں غیر یقینی، ملک بھر میں گیس کی لوڈ مینجمنٹ شروع

اسلام آباد: پاکستان کو قطر سے ایل این جی (LNG) کی فراہمی کے حوالے سے بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باعث ملک بھر میں گھریلو صارفین کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے گھروں میں گیس کی فراہمی کو صرف کھانا پکانے کے اہم اور مخصوص اوقات تک محدود کر دیا گیا ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

گیس بحران کی بنیادی وجہ قطری کمپنی ‘قطر گیس’ کی جانب سے رواں برس 4 مارچ 2026ء کو راس لفان میں اپنے ایل این جی پیداواری پلانٹ پر ہونے والے حملے کے بعد نافذ کیا گیا ‘فورس میجر’ (Force Majeure) ہے، جسے اب تک باضابطہ طور پر ختم نہیں کیا گیا۔

ایل این جی کارگوز کی عدم فراہمی کے باعث ملکی گیس نیٹ ورک پر دباؤ بڑھ گیا ہے جس کے بعد حکام کو گھریلو اور صنعتی شعبے کے لیے سپلائی محدود کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایل پی جی (LPG) کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافے نے شہریوں کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔