پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی، افغان سفیر دفتر خارجہ طلب، احتجاجی مراسلہ سپرد

اسلام آباد: پاکستان کی فضائی حدود کی مسلسل خلاف ورزی اور ڈرون دراندازی پر دفترِ خارجہ نے افغان سفیر سردار شکیب کو طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور احتجاجی مراسلہ (ڈیمارش) ان کے حوالے کیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق افغان سفیر کو 23 ستمبر کو افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستانی حدود میں ڈرونز بھیجنے پر طلب کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 23 ستمبر کو افغان طالبان کی جانب سے 8 مسلح ڈرونز پاکستانی فضائی حدود میں داخل کیے گئے تھے، جنہیں افواجِ پاکستان اور پاک فضائیہ کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ تباہ کیے گئے ڈرونز میں سے 4 طورخم بارڈر کے قریب جبکہ 4 کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی یہ بزدلانہ کوشش افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی براہِ راست سرپرستی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفترِ خارجہ اور وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ طالبان حکومت اپنے داخلی اختلافات، نالائقی اور خواتین و اقلیتوں پر مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر بے بنیاد الزامات تراشی کر رہی ہے۔