پاک بحریہ کی آبدوز ’ہنگور‘ کی شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب لائیو ویپن فائرنگ

اسلام آباد: پاک بحریہ کی جدید ترین آبدوز پی این ایس/ایم ہنگور (PNS/M Hangor) نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جس کے دوران طویل فاصلے تک مار کرنے والے اینٹی شپ کروز میزائل نے مقررہ ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس کامیاب فائرنگ سے ہنگور آبدوز کے ویپن سسٹمز اور جنگی تیاریوں کی توثیق ہو گئی ہے جو پاک بحریہ کی زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے لائیو ویپن فائرنگ کے اس عمل کا خود مشاہدہ کیا اور عملے کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت و آپریشنل تیاری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ زیرِ آب دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے تحفظ اور خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پی این ایس ہنگور کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر پاک بحریہ کی قیادت اور عملے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

یاد رہے کہ صدر زرداری اس سال 30 اپریل کو چین کے شہر سانیا میں منعقدہ تقریب کے دوران اس آبدوز کی پاکستان کے سپردگی کے موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔