ملائیشیا کی معروف اداکارہ اور سابق بیوٹی کوئن ایمی نور ٹینی نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بااثر وی وی آئی پی شخصیت نے انہیں تیسری بیوی بننے کے بدلے غیر معمولی مالی اور رہائشی سہولیات کی پیشکش کی، جسے انہوں نے فوری طور پر مسترد کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، 29 سالہ اداکارہ نے یہ بات ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران بتائی۔
ان کے مطابق، مذکورہ شخص نے تیسری بیوی بننے کی صورت میں ایک عالیشان بنگلہ، گاڑی، 10 ایکڑ زمین اور ہر ماہ 50 ہزار ملائیشین رنگٹ بطور خرچ دینے کی پیشکش کی، جو پاکستانی کرنسی میں 34 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔
ایمی نور ٹینی کا کہنا تھا کہ وہ اکثر کارپوریٹ ایونٹس کی میزبانی کرتی ہیں جہاں بااثر افراد سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، تاہم اس موقع پر ایک شخص نے تمام حدود پار کرتے ہوئے یہ پیشکش کی، جسے انہوں نے عزتِ نفس کے منافی سمجھتے ہوئے رد کر دیا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ اس شخص کی عمر ان کے والد کے برابر تھی، جس نے اس پیشکش کو ان کے لیے مزید ناگوار بنا دیا۔
ان کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر خواتین کی خودمختاری، طاقتور طبقے کے رویّوں اور سماجی اقدار پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔

