اسلام آباد: پاکستان نے ‘آپریشن غضب لِلحق’ کے تسلسل میں افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں پر انتہائی درست اور کامیاب فضائی کارروائی کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر افغانستان میں 2 اہم مقامات پر فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس کارروائی میں دہشت گردوں کا بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور پناہ گاہیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، جبکہ آپریشن کے دوران شہریوں کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچانے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر کو یقینی بنایا گیا۔
وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی کا بنیادی خطرہ افغان سرزمین سے پیدا ہو رہا ہے اور افغانستان کا بدستور دہشت گردی کا مرکز بنے رہنا شدید باعثِ تشویش ہے۔
بیان میں اعادہ کیا گیا کہ ‘عزمِ استحکام’ کے وژن کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن غضب لِلحق پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گا اور شہریوں کا تحفظ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

