نشین (جاپان): ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
جاپان کے شہر نشین میں بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث میچ کو فی اننگز 13 اوورز تک محدود کیا گیا۔ پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر بنگلادیشی ٹیم نے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے توحید ہردوئی 42 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ پاکستان کی طرف سے بولنگ میں سفیان مقیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، عرفات منہاس نے 2 اور صائم ایوب نے 1 وکٹ حاصل کی۔
جواب میں 112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مشکلات کا شکار رہا اور 53 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 4 وکٹیں گر گئیں، جن میں صائم ایوب (21)، معاذ صداقت (15)، عثمان خان (14) اور کپتان صاحبزادہ فرحان (1) شامل تھے۔
تاہم عبدالصمد (30) اور حسن نواز (27) نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی اور پاکستان کو 11.3 اوورز میں فتح دلا دی۔ ایونٹ کا فائنل میچ 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

