راولپنڈی: بھارتی فوج اور میڈیا کے فالس فلیگ آپریشن اور جھوٹے پروپیگنڈے کا پول اس وقت کھل گیا جب پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ‘ہلاک’ قرار دیے گئے ایس ایس جی کے ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف کو لائیو پریس کانفرنس میں میڈیا کے سامنے زندہ اور سلامت پیش کر دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی آرمی کی چنار کور اور بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک آپریشن کے دوران لشکر طیبہ کے دہشت گرد اور پاک فوج کے سابق ایس ایس جی حوالدار محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
تاہم، ترجمان پاک فوج نے محمد آصف کو سب کے سامنے پیش کر کے ثابت کیا کہ بھارتی ادعا محض ایک گھڑا ہوا ڈرامہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنڈی گھیب کے رہائشی حوالدار (ر) محمد آصف نے بتایا کہ وہ 2023ء میں ایس ایس جی سے ریٹائر ہوئے اور اس وقت راولپنڈی میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ بالکل زندہ و محفوظ موجود ہیں، انہوں نے بھارت کے اس گھناؤنے پروپیگنڈے کی شدید مذمت کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہندوستان اب "انکاؤنٹرستان” بن چکا ہے جو اپنی اندرونی ناکامیوں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے من گھڑت ڈرامے رچاتا ہے۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ اگر اس نے کسی قسم کی مہم جوئی کی تو پاکستان کا ردِعمل انتہائی دردناک اور سخت ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت حرمین شریفین اور سعودی عرب کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم پختہ اور غیر متزلزل ہے، جبکہ افغانستان میں دہشت گرد عناصر کی سرپرستی کا مقابلہ کرنے اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

