بلوچستان کے ضلع کچھی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے سنی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 اور ‘عزمِ استحکام’ وژن کے تحت کی گئی اس مؤثر کارروائی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کواڈ کاپٹرز کے ذریعے انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے، جبکہ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے پیشِ نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی متعدد پناہ گاہوں، سرنگوں اور ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے، جہاں سے بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا اور متعدد خارجی دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔