اسلام آباد: افغان طالبان رجیم کے نام نہاد وزیر برائے سرحدات کی جانب سے نورستان میں ہونے والی لڑائی کا الزام پاکستان پر عائد کرنے پر وزارتِ اطلاعات و نشریات نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے اسے سفید جھوٹ اور خود ساختہ بیانیے کا حصہ قرار دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری فیکٹ چیک کے مطابق افغان طالبان کے عبوری حکام کی طرف سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات کا مقصد افغانستان کے اندر بڑھتی ہوئی اندرونی بغاوت، ظلم اور شدید عدم استحکام سے عالمی اور اپنے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کی موجودہ غیر نمائندہ حکومت افغان عوام پر بزورِ طاقت مسلط کی گئی ہے اور ان کے مضحکہ خیز بیانات دراصل ان کی اپنی اندرونی ناکامیوں اور شدید مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزارتِ اطلاعات نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کے چند رہنما پیسوں کے لالچ میں ہندوتوا کے ناپاک عزائم اور پراکسی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ دہشت گردوں کی سرپرستی اور کرائے کے ایجنٹوں والا یہ طرزِ عمل نہ صرف غیر اسلامی ہے بلکہ افغانستان کو مکمل تباہی کی طرف لے جا رہا ہے جو عزت و وقار سے بالکل عاری ہے۔

