اسلام آباد: ترجمان دفترِ خارجہ سجاد حیدر خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں واضح کیا ہے کہ پاکستان ایران پر تمام قابلِ اطلاق امریکی پابندیوں کی پاسداری کرتا ہے اور بین الاقوامی و ملکی قوانین کے مطابق تمام نظامِ پابندیات پر عملدرآمد جاری رکھے گا۔
ایران امریکا تنازع سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان تمام فریقین سے رابطے میں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کا کردار ادا کر رہا ہے تاکہ معاملے کا حل سفارت کاری سے ممکن ہو سکے۔
انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سلسلے میں دو سال بعد سینئر بھارتی نمائندے کی پاکستان آمد کو اہم پیشرفت قرار دیا اور بھارت میں شاہی مسجد کو شہید کرنے کی کوشش اور اقلیتوں کے حقوق کی پامالی کی سخت مذمت کی۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے صومالیہ کے قریب بحری جہاز پر حملے میں 3 پاکستانیوں سمیت 5 اہلکاروں کی ہلاکت اور دیگر کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ بچ جانے والے عملے کو بحفاظت گورو شہر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ میتوں کی ایتھوپین ایئرلائن سے وطن واپسی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اقوامِ متحدہ کے 81 ویں اجلاس میں وزیراعظم کے دورۂ امریکا اور سفارتی ملاقاتوں کے حوالے سے تفصیلی پریس کانفرنس کریں گے۔

