سعودی عرب کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے، ہر ممکن دفاع کریں گے: وزیر دفاع خواجہ آصف

روم: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے واضح اور حتمی موقف اپنایا ہے کہ سعودی عرب کا دشمن پاکستان کا دشمن ہے اور مملکت کے دفاع کے لیے پاکستان اپنے تمام دستیاب وسائل فراہم کرے گا۔

عرب نیوز کو روم کے دورے کے دوران دیے گئے خصوصی انٹرویو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ یمن کے حوثی سعودی عرب کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ چاہے کشیدگی حوثیوں کی جانب سے ہو یا کسی اور ملک سے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے نئے سہ فریقی دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کا مکمل پابند ہے۔

وزیر دفاع نے ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات پراکسیز بے قابو ہو جاتی ہیں اور کنٹرول سے باہر ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ایک مشترکہ سیکریٹریٹ قائم کیا جا رہا ہے جہاں اتحاد کا فریم ورک تیار ہو رہا ہے۔

خواجہ آصف نے اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے ہر وقت موجود ہے اور ملک کی تمام فوجی صلاحیتیں اس معاہدے کے تحت برادر ملک کے لیے دستیاب ہوں گی۔