اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اعلان کیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش قبول کر لی ہے اور کل اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ان کے چیمبر میں باضابطہ ملاقات ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ملاقات کا پیغام موصول ہوا تھا، جسے اپوزیشن کے اہم اجلاس میں ہونے والے فیصلے کی روشنی میں قبول کر لیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن وفود کے درمیان یہ اہم بیٹھک کل دوپہر 12 بجے اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں ہو گی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، متوقع لانگ مارچ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن اتحاد کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ ہم ریاست اور ملک کے امن و امان کے ساتھ کھڑے ہیں اور مسائل کا حل پرامن مذاکرات و آئینی حدود میں چاہتے ہیں، تاہم حکومت کو بھی فاشسٹ رویوں، گرفتاریوں اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی جیسے غیر آئینی اقدامات سے گریز کرنا ہو گا۔

