عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے کیریئر کے اہم فیصلے پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کبھی بھی بالی وڈ چھوڑنا نہیں چاہتی تھیں تاہم ہندی فلموں میں کام کے دوران مختلف وجوہات کی بنا پر خود کو محدود محسوس کرتی تھیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بطور فنکار اپنے کام کا دائرہ وسیع کرنا چاہتی تھیں اور نئے مواقع تلاش کرنا ان کے لیے ضروری ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی جستجو نے انہیں امریکا جا کر کام کرنے کی ترغیب دی جہاں انہیں تخلیقی آزادی اور مختلف نوعیت کے کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔
پریانکا چوپڑا نے کہا کہ اب 12 سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے اور اچھے منصوبوں کا انتخاب کرنا آسان نہیں ہوتا، تاہم وہ خوش ہیں کہ انہیں دونوں فلمی صنعتوں میں کام کرنے کا موقع ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی فلموں سے بے حد محبت کرتی ہیں اور بھارت واپس آ کر کام کرنا انہیں خوشی دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہالی وڈ اور بالی وڈ دونوں کی ثقافت اور کام کا انداز مختلف ہے لیکن اب وہ دونوں ماحول میں بآسانی کام کر سکتی ہیں اور یہ تجربہ ان کے لیے منفرد اور دلچسپ ہے۔

