"قلندرز کا جادو نہ چل سکا”؛ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لاہور قلندرز کے خلاف 6 وکٹوں سے یکطرفہ فتح

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے سنسنی خیز مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کے باؤلرز اور بلے بازوں نے مکمل برتری حاصل کی اور قلندرز کو آؤٹ کلاس کر دیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 135 رنز کا ہدف گلیڈی ایٹرز نے محض 16.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

میچ کی خاص بات کوئٹہ کے رائیلی روسو کی شاندار بیٹنگ تھی جنہوں نے 60 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔ نوجوان بلے باز حسن نواز نے بھی بھرپور فارم کا مظاہرہ کیا اور 49 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کے باؤلرز رائیلی روسو کے سامنے بے بس نظر آئے؛ کپتان شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور سکندر رضا صرف ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن کوئٹہ کے باؤلرز نے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔ پوری ٹیم 19.5 اوورز میں صرف 134 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

قلندرز کی جانب سے حسیب اللہ خان 33 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ اسامہ میر نے 22 رنز بنا کر اسکور کو کچھ سہارا دیا۔ فخر زمان 20 اور عبداللہ شفیق 17 رنز بنا سکے۔

کوئٹہ کی جانب سے جہاں داد خان اور عثمان طارق نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ الزاری جوزف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس جیت کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ گئی ہے، جبکہ لاہور قلندرز کے لیے پلے آف کی راہ مشکل ہوتی جا رہی ہے اور وہ 6 میچز میں صرف 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں پوزیشن پر ہے۔