تہران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ‘پاور شو’؛ ایرانی فوج کے سٹریٹجک مرکز ‘خاتم الانبیا’ کا دورہ، میجر جنرل علی عبداللہی سے اہم ملاقات

تہران: پاکستان کے ‘امن مشن’ پر مامور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آج تہران میں ایرانی فوج کے انتہائی حساس اور اسٹریٹجک مرکز ‘خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر’ کا اہم دورہ کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق، ہیڈکوارٹر پہنچنے پر کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے فیلڈ مارشل کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس دورے کے دوران دفاعی امور اور خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عسکری ماہرین اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں کیونکہ خاتم الانبیا مرکز ایران کی تمام مسلح افواج کے آپریشنل ہم آہنگی کا مرکزی مقام ہے۔

اس سے قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی استحکام اور اسلام آباد امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ فیلڈ مارشل کا دورہ تہران دراصل امریکہ اور ایران کے درمیان مستقل جنگ بندی کی کوششوں میں حائل پیچیدہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہے۔

پاکستان اس وقت دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے تاکہ خطے کو کسی بڑے تنازع سے مستقل بنیادوں پر بچایا جا سکے۔

گزشتہ روز تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا اور پاکستان کی جانب سے حالیہ مذاکرات کی میزبانی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ "فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران میں خیر مقدم کرنا ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے، خطے میں امن و استحکام کے لیے ایران اور پاکستان کا عزم نہ صرف مضبوط ہے بلکہ مکمل طور پر مشترک ہے۔”

سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کے اس دورے سے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں بڑی پیش رفت متوقع ہے، جس کے اثرات جلد عالمی سطح پر نظر آئیں گے۔