کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی رمشا خان اور خوشال خان کے مداحوں کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے جہاں اداکارہ نے بالآخر اپنی شادی کی خبروں کی تصدیق کر دی ہے۔
گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر دونوں اداکاروں کے نکاح کی افواہیں زیرِ گردش تھیں، جنہیں اس وقت تقویت ملی جب حال ہی میں ان کے نکاح کی چند تصاویر منظرِ عام پر آگئیں۔
ان تصاویر کے وائرل ہونے کے بعد اداکارہ رمشا خان نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے نہ صرف خوشال خان کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کے آغاز کی تصدیق کی بلکہ اپنی نجی تصاویر لیک کرنے والوں پر شدید برہمی کا اظہار بھی کیا۔
رمشا خان کا کہنا تھا کہ ان کی تصاویر ان کی مرضی کے بغیر لیک کی گئی ہیں، جو کہ اخلاقیات کے سراسر خلاف ہے اور سوشل میڈیا پیجز کو اسے محض ‘کانٹینٹ’ کے طور پر استعمال کرنا بند کرنا چاہیے۔
رمشا خان اور خوشال خان نے حال ہی میں دو بڑے پراجیکٹس ’دنیا پور‘ اور ’بریانی‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جہاں ان کی آن اسکرین کیمسٹری کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔ تب سے ہی ان کے درمیان آف اسکرین رومانوی تعلق کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، تاہم دونوں فنکاروں نے اس پر خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔
اب شادی کی تصدیق کرتے ہوئے رمشا خان نے واضح کیا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو سرخیوں سے دور رکھا ہے اور وہ اب بھی اپنی پرائیویسی برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پیجز اور مداحوں سے درخواست کی کہ ان کی اجازت کے بغیر شیئر کی گئی تمام تصاویر ڈیلیٹ کر دی جائیں اور انہیں دوبارہ کہیں پوسٹ نہ کیا جائے۔
اداکارہ نے اپنے بیان میں دوٹوک انداز اپناتے ہوئے کہا کہ "یہ ہماری زندگی ہے، آپ کی ہیڈ لائنز نہیں، اس کی عزت کریں اور ہمیں تنہا چھوڑ دیں”۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی زندگی کے اس نئے مرحلے سے متعلق تفصیلات اور تصاویر درست وقت آنے پر خود اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کریں گی۔
شوبز حلقوں اور مداحوں کی جانب سے اس نئی جوڑی کے لیے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، تاہم رمشا خان کے سخت ردعمل نے سوشل میڈیا پر نجی لمحات کو وائرل کرنے کے غیر اخلاقی رحجان پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ماہرینِ شوبز کا کہنا ہے کہ رمشا اور خوشال کی جوڑی انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑیوں میں سے ایک ثابت ہوگی۔

