راحت فتح علی خان اور شاہ زمان خان کو برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا

لندن: عالمی شہرت یافتہ قوال اور صوفی موسیقار راحت فتح علی خان اور ان کے بیٹے شاہ زمان خان کو برطانوی پارلیمنٹ میں خصوصی ایوارڈز سے نوازا گیا، جسے دونوں فنکاروں نے اپنے لیے بڑا اعزاز قرار دیا۔

تقریب میں طارق احمد، محمد یاسین اور افضل خان سمیت متعدد اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ اس تقریب کا اہتمام پاکستانی‑بنگلہ دیشی موسیقار جوڑے کاشف راجہ اور ربائیت جہان نے کیا۔

اس سے قبل راحت فتح علی خان اور شاہ زمان خان نے لندن کے تاریخی رائل البرٹ ہال میں شاندار پرفارمنس پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا اور شاندار داد دی۔

راحت فتح علی خان نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں ایوارڈ حاصل کرنا ان کے لیے ایک بہت بڑی عزت کی بات ہے اور یہ والدین کی دعاؤں اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ جلد ایک نیا بنگالی گانا ریلیز کرنے والے ہیں، جس کا مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ ایوارڈ راحت فتح علی خان اور شاہ زمان خان کے بین الاقوامی موسیقی سفر میں ایک اور سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور ان کی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کرنے کا ثبوت ہے۔