تہران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ‘مشن امن’؛ ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات، پاک امریکہ ڈیل کے حوالے سے اہم پیش رفت

 راولپنڈی: خطے میں جاری کشیدگی کے بادل چھٹنا شروع ہو گئے ہیں؛ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے حساس سفارتی مشن کے دوران تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے نہایت اہم ملاقات کی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس ملاقات کو ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سرد جنگ کے خاتمے اور ایک پائیدار معاہدے پر رضامند کرنے کے حوالے سے "فیصلہ کن” قرار دیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل کا یہ دورہ پاکستان کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد امریکہ اور ایران کے درمیان برف پگھلانا اور خطے کو ایک بڑی جنگ سے بچانا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں گزشتہ روز مصروف ترین دن گزارا، جہاں انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے بااثر اسپیکر باقر قالیباف سے طویل ملاقات کی۔ واضح رہے کہ باقر قالیباف نے ہی اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات میں ایرانی وفد کی قیادت کی تھی۔

اس کے علاوہ فیلڈ مارشل نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور عسکری مرکز ‘خاتم الانبیا’ کے کمانڈر سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دفاعی و سفارتی امور اور اسلام آباد امن عمل کے خدوخال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔