"پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل شاندار لوگ ہیں”؛ آبنائے ہرمز کھلنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا شہباز شریف اور عاصم منیر کو خراجِ تحسین

واشنگٹن: عالمی سیاست میں ایک بڑی تزویراتی تبدیلی سامنے آئی ہے؛ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان پر پاکستان کی قیادت، بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے انہیں "عظیم اور زبردست شخصیات” قرار دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری کردہ بیانات میں پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں رہنماؤں کی مخلصانہ کوششوں سے عالمی معیشت کے لیے اہم ترین آبی گزرگاہ دوبارہ کھل سکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی صدر ٹرمپ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی قیادت کو بھی ان کی بہادری اور سفارتی مدد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لبنان میں جنگ بندی کے بعد باضابطہ اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی بحری جہازوں کے لیے مکمل طور پر کھولا جا رہا ہے۔

اس اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اپنی ایک پوسٹ میں آبنائے ہرمز کو "آبنائے ایران” (Strait of Iran) لکھا، جسے بعض حلقے ان کا طنز قرار دے رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگرچہ تجارتی جہازوں کی آمد و رفت شروع ہو گئی ہے، تاہم جب تک ایران کے ساتھ تمام معاملات مکمل طور پر طے نہیں ہو جاتے، امریکی بحریہ کی ناکہ بندی برقرار رہے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بیشتر نکات طے پا چکے ہیں اور حتمی معاہدہ جلد متوقع ہے، جس میں کسی قسم کے فنڈز کا تبادلہ شامل نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ 28 فروری کو ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں اور آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز بند کر دی تھی، جس سے دنیا بھر میں تیل و گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی تھیں۔

اس بحران کے حل کے لیے پاکستان نے ایک بار پھر ‘مشکل کشا’ کا کردار ادا کیا اور فریقین کو دو ہفتوں کی جنگ بندی اور اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لانے میں کامیاب رہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کے تعریفی کلمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا ثمر قرار دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر عندیہ دیا ہے کہ معاہدہ طے پانے کے بعد وہ خود دستخط کے لیے اسلام آباد کا دورہ کر سکتے ہیں، جبکہ انہوں نے نیٹو کو "کاغذی شیر” قرار دیتے ہوئے اس معاملے سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔