پاکستان کو بدترین شکست، کیویز نے سیریز اپنے نام کرلی

نیوزی لینڈ نے چوتھے ٹی20 میں 115 رنز سے پاکستان کو دھول چٹا کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

ماؤنٹ مینگنوئی میں کھیلے گئے چوتھے ٹی20ی میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور صرف 3.5 اوورز میں 50 رنز بنا ڈالے۔

کیوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے 3، ابرار احمد نے 2 اور عباس آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم 220 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں 16.2 اوورز میں محض 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حارث 2 رنز، حسن نواز، سلمان علی آغا، شاداب خان 1، 1 رن، عرفان خان 24 رنز، خوشدل شاہ 6 رنز بنا سکے جبکہ عبدالصمد نے 44 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہ تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے جیکب ڈفی نے 4 وکٹیں، زکری فولکس نے 3 جبکہ ول اورورکی، اش سوڈھی اور جیمز نیشم نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ 5 میچز کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے 3-1 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی ہے۔

خیال رہے کہ پہلے دو میچز میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرے میچ میں پاکستان نے 9 وکٹوں سے فتح حاصل کی، جہاں حسن نواز نے سنچری بناکر بابر اعظم کا ریکارڈ توڑا۔

چوتھے میچ میں کیویز نے پھر ایک بڑی کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کرلی۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان آخری میچ جیت کر سیریز کا اختتام بہتر انداز میں کرتا ہے یا نہیں؟