ایشین گیمز 2026: 277 تمغوں کے ساتھ چین سرِ فہرست، پاکستان 34ویں نمبر پر

ناگویا (جاپان): جاپان میں جاری 20 ویں ایشین گیمز کے 12 ویں روز دفاعی چیمپین چین مجموعی طور پر 277 تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیلی پر سرفہرست ہے، جبکہ پاکستان اب تک 6 برانز میڈلز حاصل کر کے 34 ویں نمبر پر موجود ہے۔

ایشین گیمز کی میڈل ٹیلی کے مطابق چین نے 151 گولڈ، 67 سلور اور 59 برانز میڈلز حاصل کیے ہیں۔ میزبان جاپان 50 گولڈ، 77 سلور اور 73 برانز میڈلز (کل 200 تمغے) کے ساتھ دوسری جبکہ جنوبی کوریا 24 گولڈ میڈلز سمیت 103 تمغے جیت کر تیسری پوزیشن پر براجمان ہے۔

ازبکستان (16 گولڈ) چوتھے، تھائی لینڈ (12 گولڈ) پانچویں، ایران (11 گولڈ) چھٹے، بحرین (11 گولڈ) ساتویں، بھارت (10 گولڈ) آٹھویں، قازقستان (9 گولڈ) نویں اور شمالی کوریا (7 گولڈ) دسویں نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان تمغے جیتنے والے ممالک کی فہرست میں 34 ویں نمبر پر ہے جس نے اب تک صرف 6 برانز میڈلز حاصل کیے ہیں۔ 35 ویں نمبر پر کمبوڈیا (4 برانز)، 36 ویں نمبر پر نیپال (2 برانز) جبکہ بنگلہ دیش، برونائی، لاؤس اور شام 1،1 برانز میڈل کے ساتھ مشترکہ طور پر 37 ویں نمبر پر ہیں۔ ایشین ریفیوجی ٹیم، بھوٹان، مالدیپ، تیمور لیسٹے اور یمن اب تک کوئی میڈل حاصل نہیں کر سکے۔