اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان، کراچی چیمبر، ایف پی سی سی آئی، تجارتی تنظیموں اور ٹیکس بار کے پرزور مطالبے پر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 15 اکتوبر 2026 تک توسیع کر دی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 214اے کے تحت جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس سے قبل گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر تھی، جسے اب عوام اور کاروباری برادری کی سہولت کے لیے 15 دن آگے بڑھا دیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کے بجائے ایف بی آر پورٹل یا ‘ٹیکس آسان ایپ’ کے ذریعے اپنے آن لائن ریٹرنز بروقت جمع کرائیں۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق مقررہ مدت کے بعد گوشوارے داخل نہ کرنے یا اثاثوں کی معلومات چھپانے پر بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق تاخیر سے ریٹرن فائل کرنے پر انفرادی افراد کے لیے جرمانہ 1,000 سے بڑھا کر 25,000 روپے، اے او پی کے لیے 50,000 روپے اور کمپنیوں کے لیے 1 لاکھ روپے تک وصول کیا جائے گا، جبکہ واجب الادا رقم کی وصولی کے لیے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کیے جا سکتے ہیں۔

