پرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسی کوشش سے بلاامتیاز نمٹا جائے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرِ صدارت جی ایچ کیو میں 277 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں، داخلی استحکام اور علاقائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے اور کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے فیصلہ کن طاقت اور قانون کے مطابق بلاامتیاز اور بلاجھجک نمٹا جائے گا۔

فورم نے قرار دیا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں اور ہندوستان کے آلہ کار کے طور پر دہشت گردی کے سنگین نتائج کی تمام تر ذمہ داری طالبان قیادت پر عائد ہوتی ہے۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے ‘مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے’ کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اسٹریٹجک تعلقات کے فروغ میں اہم میل پتھر قرار دیا۔ فورم نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کی ہدایت کی اور اس عزم کو دہرایا کہ قوم کی کامل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں۔