قصور بارڈر پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، 2 نہتے پاکستانی شہری شہید

قصور: پاک بھارت بین الاقوامی سرحد کے قریب قصور کے علاقے میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (BSF) نے بغیر کسی وارننگ کے بلااشتعال فائرنگ کر کے 2 نہتے پاکستانی شہریوں کو شہید اور ایک کو شدید زخمی کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لدھڑ گاؤں (جٹاں والی حویلی) کے رہائشی 3 مقامی شہری جیسے ہی بارڈر پلر کے قریب پہنچے تو بی ایس ایف اہلکاروں نے طے شدہ سرحدی معاہدوں اور ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان پر سیدھی فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں عظمت رسول (ولد عطااللہ) اور محسن جٹ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کا ایک ساتھی زخمی ہو گیا۔

ذرائع نے واضح کیا کہ تینوں شہری بالکل نہتے تھے اور انہوں نے بارڈر فینس عبور کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی تھی۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا نے روايتی فالس فلیگ پروپیگنڈے کا سہارا لیتے ہوئے معصوم شہریوں کو درانداز ثابت کرنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی حکام نے مکمل طور پر من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔