اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ‘عزمِ استحکام’ وژن کے تحت کی گئی اس مؤثر کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے جنگی مہارت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارجیوں کا تعاقب کیا اور ان کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
پاک فوج کی اس پیش قدمی سے علاقے میں دہشت گرد عناصر کی نقل و حرکت انتہائی محدود ہو گئی ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے والے فورسز کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ پرعزم کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

