سلمان خان کا کم عمر ہیروئنز کے ساتھ کام کرنے پر دبنگ جواب

سلمان خان نے ہمیشہ اپنی منفرد شخصیت اور بےباک انداز سے مداحوں کو محظوظ کیا ہے۔ اب حال ہی میں ان کا ایک بیان بھی اسی دبنگ اسٹائل کا حصہ ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے اپنی فلموں میں نوجوان ہیروئنز کے انتخاب پر پہلی بار کھل کر ردعمل دے دیا۔

سلمان خان جو ان دنوں اپنی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ‘سکندر’ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ فلم کے ٹریلر لانچ ایونٹ میں پوری کاسٹ موجود تھی، جہاں ان سے حالیہ وائرل سوشل میڈیا ویڈیوز پر سوال کیا گیا۔

سلمان خان نے ہنستے ہوئے کہا "کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ بندہ 6-7 راتیں سو نہیں پاتا اور پھر سوشل میڈیا والے پیچھے پڑ جاتے ہیں، تو پھر دکھانا پڑتا ہے کہ ابھی تک ہوں”!

تقریب کے دوران سلمان خان سے ان کی ہیروئنز کے ساتھ عمر کے نمایاں فرق پر بھی سوال کیا گیا۔

یاد رہے کہ ‘سکندر’ میں سلمان خان (59) کی ہیروئن راشمیکا مندنا (28) ہیں، یعنی دونوں کے درمیان 31 سال کا فرق ہے۔

اس پر دبنگ خان نے جواب دیا "جب ہیروئن کو اور اس کے والد کو کوئی مسئلہ نہیں، تو تمہیں کیوں ہے بھائی”؟

مزید مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے سلمان نے کہا "جب راشمیکا شادی کر لے گی اور اس کی بیٹی بڑی ہو کر اسٹار بنے گی، تو وہ بھی میرے ساتھ کام کرے گی، ہے نا؟ ممی کی اجازت تو مل جائے گی نا”؟

راشمیکا نے بھی اس بات پر ہنستے ہوئے سر ہلا کر ہاں میں جواب دیا۔

واضح رہے کہ سلمان خان کی ایکشن سے بھرپور فلم ‘سکندر’ 30 مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم میں ستھیاراج، کاجول اگروال اور دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔