98 فیصد مرد دوستوں میں بیٹھ کر اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں: سنیتا مارشل

کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے ہمارے معاشرے اور دیسی کلچر میں مردوں کی جانب سے اپنی بیویوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے نامناسب رویے اور ذہنی سوچ پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے۔

ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے سنیتا مارشل نے دعویٰ کیا کہ دیسی کلچر میں تقریباً 98 فیصد مرد اپنے دوستوں کی محفل میں بیٹھ کر اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں، جبکہ مغرب میں ایسا بالکل نہیں ہوتا۔

اداکارہ نے کہا کہ اگر بیوی محفل میں شوہر کو کوئی مشورہ دے تو مرد فوراً سب کے سامنے اسے بے وقوفانہ قرار دے کر ٹوک دیتے ہیں، حالانکہ وہی بات بعد میں علیحدگی میں اور احترام کے ساتھ بھی سمجھائی جا سکتی ہے۔

سنیتا مارشل کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ہاں مردوں کی تربیت ہی اس ذہنیت پر کی جاتی ہے کہ بیوی ان سے کم تر ہے۔ اسی وجہ سے بیویاں تو شوہر کو ’آپ‘ کہہ کر مخاطب کرتی ہیں لیکن شوہر ’تم‘ کہہ کر بات کرتا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ وہ اس کا مذاق اڑا سکتا ہے۔

اداکارہ کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے اور بڑی تعداد میں صارفین ان کے مؤقف سے اتفاق کرتے نظر آ رہے ہیں۔