چوتھا اقتصادی جائزہ: اسٹیٹ بینک کی بریفنگ پر آئی ایم ایف مشن کا اظہارِ اطمینان

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ٹیم نے پاکستان کے ساتھ چوتھے اقتصادی جائزے کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام کی بریفنگ اور معاشی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، کراچی میں 3 روز سے مقیم آئی ایم ایف کا جائزہ مشن تکنیکی مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل کر کے باقاعدہ پالیسی سطح کے مذاکرات کے لیے اسلام آباد پہنچ رہا ہے، جہاں پیر سے وزارتِ خزانہ اور معاشی ٹیم کے ساتھ باقاعدہ نشستیں ہوں گی۔

کراچی میں قیام کے دوران مشن کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کے ذخائر، مانیٹری پالیسی، درآمدات، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اسٹیٹ بینک حکام نے آگاہ کیا کہ 17 ارب ڈالر سے زائد کے زرمبادلہ ذخائر کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں، سندھ حکومت کے حکام نے بھی آئی ایم ایف وفد کو صوبائی ٹیکس آمدنی اور سرپلس بجٹ پر بریفنگ دی۔ سندھ حکومت کے مطابق 30 جون تک صوبائی ٹیکس آمدنی 593 ارب روپے رہی جبکہ نان ٹیکس آمدنی دگنی ہو کر 80 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جس پر عالمی مالیاتی ادارے کے نمائندوں نے مثبت ردِعمل ظاہر کیا۔