شاہ رخ، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف مشکل میں، عدالت نے 19 مارچ کو طلب کرلیا

جے پور کی کنزیومر کورٹ نے بالی ووڈ کے تین مشہور اداکاروں کو ایک پان مسالا کے اشتہار میں گمراہ کن دعوے کرنے پر 19 مارچ کو طلب کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف سمیت کمپنی کے چیئرمین کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

درخواست گزار یوگندر سنگھ بدیال نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ 5 روپے کے پان مسالا میں "ہر دانے میں زعفران کی طاقت” کا دعویٰ گمراہ کن ہے، کیونکہ زعفران کی قیمت 4 لاکھ روپے فی کلو ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ یہ اشتہارات صحت کے مضر اثرات کو نظر انداز کرتے ہوئے مشہور شخصیات کے ذریعے پروڈکٹ کی تشہیر کر رہے ہیں۔

عدالت نے تمام فریقین سے وضاحت طلب کرتے ہوئے 19 مارچ تک جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔